نوشکی شہر پاکستانی فورسز کے محاصرے میں، بازار بند

53

نوشکی شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر فورسز کی بھاری ناکہ بندی، شہر مکمل محاصرے میں، بازار کو بند کردیا گیا۔

بلوچستان کے ضلع نوشکی کے شہر کو پاکستانی فورسز نے محاصرے میں لے لیا جبکہ داخلی راستوں پر ناکہ بندیاں کرکے کسی کو داخل یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔

ایک علاقہ مکین نے ٹی بی پی کو بتایا کہ آج صبح سویرے فورسز کی سینکڑوں اہلکار نوشکی بازار، قاضی آباد، گریڈ اسٹیشن، غریب آباد اور اس سے متصل دیگر مقامات پر تعینات کیئے گئے ہیں جہاں علاقہ مکینوں کو نقل و حرکت سے روکا جارہا ہے۔

گذشتہ روز نوشکی کے کلی قادر آباد میں فورسز نے علاقے کو گھنٹوں تک محاصرے میں لیا جبکہ اس دوران فائرنگ کی آواز بھی سنی گئی۔

اطلاعات کے مطابق عابد مینگل ولد نور محمد مینگل اور طاہر خان ولد محمد رحیم جان بادینی سکنہ قادر آباد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی موقف پیش نہیں کیا ہے۔

خیال رہے نوشکی شہر میں گذشتہ دو مہینوں سے فورسز نے جزوی کرفیو نافذ کی ہے جہاں شام کو بازار کو مکمل بند کیا جاتا ہے جبکہ صبح نو بجے کے بعد بازار کھولنے کی اجازت دی گئی ہے مزید برآں رات کو سفر کی اجازت نہیں ہے۔