خضدار: کرخ میں پاکستانی فورسز اور بلوچ آزادی پسندوں کے مابین تازہ جھڑپیں

55

بلوچ آزادی پسندوں کا ضلع خضدار کے علاقے کرخ کے قریب سی پیک روٹ پر کنٹرول آج پانچویں روز بھی برقرار ہے، جبکہ جھڑپوں میں پاکستانی فوج کے اہلکاروں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

کرخ میں جاری جھڑپوں کے دوران اب تک مسلح افراد کے ہاتھوں پاکستانی خفیہ اداروں کے دو اہلکاروں کی ہلاکت، ایک کی گرفتاری، جبکہ دو کواڈ کاپٹر تباہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

گذشتہ روز پیش قدمی کی کوشش میں مسلح افراد کے نشانہ بننے والے پاکستانی فورسز کے قافلے میں دو اہلکاروں کی زخمی ہونے سمیت متعدد اہلکاروں کے ہلاکت کے اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

خضدار شہر سے تقریباً 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع کرخ کے علاقے میں سی پیک روٹ پر گذشتہ چند ہفتوں سے بلوچ آزادی پسند اپنی موجودگی ظاہر کررہے ہیں۔

اس دوران مسلح افراد نے مختلف مقامات پر چیک پوائنٹس قائم کیے ہیں جبکہ اسنیپ چیکنگ بھی کی جارہی ہے، مسلح افراد نے اس دوران کرخ شہر میں موجود پولیس تھانے سمیت متعدد سرکاری امارات کو بھی نذر آتش کردیا تھا

آزادی پسندوں کی علاقے میں موجودگی کے باعث پاکستانی فورسز پیش قدمی کی کوشش کر رہی ہیں، مقامی افراد کے مطابق بکتر بند اور دیگر گاڑیوں پر مشتمل ایک بڑا فوجی قافلہ علاقے میں پیش قدمی کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

علاقے میں ڈرون طیاروں کی پروازیں بھی جاری ہیں۔

اب تک پاکستانی فورسز کو پیش قدمی کی کوشش کے دوران متعدد حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے، تاہم پاکستانی فورسز اور سرکاری حکام کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔