تربت کے علاقے گوگدان میں پاکستانی فورسز کی جانب سے رات گئے ایک بار پھر علی فقیر سنگھور کے گھر پر چھاپے اور توڑ پھوڑ، لعل بخش آدم کے گھر پر بھی چھاپہ کی اطلاع۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ شب تقریباً دو بجے پاکستانی فورسز نے گوگدان کے رہائشی اور سابق کونسلر علی فقیر سنگھور کے گھر پر چھاپہ مارا۔ اہلِ خانہ کا مؤقف ہے کہ تلاشی کے دوران گھر کے دروازے اور الماریاں توڑ دی گئیں جب کہ خواتین پر تشدد کیا گیا اور اہل خانہ کے ساتھ بدسلوکی اور گالم گلوچ کی گئی۔
اہلِ خانہ کے مطابق کارروائی کے دوران ایک ہنڈا 125 موٹر سائیکل، موبائل فون اور عید کے لیے تیار مردانہ و زنانہ کپڑے بھی ساتھ لے جائے گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ رات کے وقت گھر پر چھاپے مارے گئے اور ایک موٹر سائیکل پہلے بھی لے جائی گئی تھی جو تاحال واپس نہیں کی گئی۔
اہلِ خانہ کا مزید کہنا ہے کہ اگر خاندان کا کوئی نوجوان کہیں چلا گیا ہے تو اس کی سزا کے طور پر خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنا اور بار بار گھر پر چھاپے مارنا ناانصافی ہے۔ ان کے بقول وہ پہلے ہی مقامی معتبرین کے ہمراہ کیمپ جا کر تحریری طور پر یہ مؤقف دے چکے ہیں کہ اگر خاندان کا کوئی فرد کہیں گیا ہے تو اس کے عمل کے ذمہ دار وہ نہیں ہیں۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے اسی رات گوگدان میں لعل بخش آدم نامی شخص کے گھر پر بھی چھاپہ مارا۔



















































