عبدوی کراسنگ پوائنٹ کی بندش کے خلاف زمیاد گاڑیوں کے مالکان نے سی پیک شاہراہ ایم-8 پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی معطل کردی ہے۔
مظاہرین نے جمعرات کو جدگال ڈن (ڈی بلوچ) کے قریب گھنہ کے مقام پر مرکزی شاہراہ کو بلاک کر دیا، جہاں بڑی تعداد میں گاڑی مالکان شریک ہیں۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ عبدوی بارڈر بدستور بند ہے، حالانکہ ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد جنگ بندی ہو چکی ہے اور ایران میں معمولات زندگی بحال ہو چکے ہیں۔
احتجاجی گاڑی مالکان کا کہنا ہے کہ بارڈر کی بندش کے باعث ان کے لیے روزگار کا سنگین مسئلہ پیدا ہو گیا ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ عبدوی بارڈر کو فوری طور پر کھولا جائے اور وہاں لگایا گیا ‘خود ساختہ باڈ’ (رکاوٹ) ہٹا کر گاڑیوں کو دوبارہ تیل لوڈ کرنے کی اجازت دی جائے۔
گاڑی مالکان نے واضح کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، وہ اپنا دھرنا ختم نہیں کریں گے اور سی پیک شاہراہ پر ٹریفک کی بندش جاری رہے گی۔
تاحال ضلعی انتظامیہ یا متعلقہ سرکاری حکام کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات یا بارڈر کی بحالی کے حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔