نامعلوم مسلح افراد نے ایک کاروباری شخصیت اور ایک بچے کو مختلف علاقوں سے اغوا کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تمپ کے علاقے رودبن سے گزشتہ روز موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے کاروباری شخصیت عبدالحلیم کے کم عمر بیٹے خلیل حلیم کو اسلحے کے زور پر اغوا کرکے اپنے ہمراہ لے گئے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اغوا کاروں نے اہلِ خانہ سے بھاری تاوان طلب کیا ہے، تاہم اس حوالے سے اہلِ خانہ یا حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی تمپ کے علاقے پھل آباد سے ایک نوجوان کے مبینہ طور پر تاوان کے لیے اغوا ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں نے کیچ اور تمپ کے مختلف علاقوں میں اغوا برائے تاوان کے مبینہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے واقعات کی مذمت کی ہے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات مقامی روایات اور سماجی اقدار کے منافی ہیں، اور ایسے معاملات میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
ادھر ہفتے کی شام دشت بل نگور میں مسلح افراد نے کاروباری شخصیت عقیل اکبر کو اغوا کر لیا۔
مذکورہ شخص کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ علاقے میں لاٹری اور دیگر کاروباری سرگرمیاں چلاتا ہے، تاہم ان کے اغوا میں ملوث افراد یا کسی ممکنہ تاوان طلبی کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہے۔



















































