بلوچستان کے ضلع پنجگور میں فائرنگ کے ایک واقعے میں پولیس کے سب انسپکٹر پزیر احمد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد گھر واپس جا رہے تھے۔
واقعہ پنجگور کے علاقے غریب آباد چتکان میں بوائز ہائی سکول کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے بازار کے قریب پولیس آفیسر پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں پزیر احمد کو تین گولیاں لگیں، جن میں سے ایک ان کی گردن کے آر پار ہو گئی جبکہ دو ان کے بازوؤں پر لگیں۔
پولیس کے مطابق زخمی افسر کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کی حالت نازک ہے۔
حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ تاہم واقعہ کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔ ناہی کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔