کوئٹہ: مولانا عبدالواسع سمیت جمعیت علمائے اسلام کے پانچ رہنما نظر بند

0

مینٹیننس آف پبلک آرڈر کے تحت نظر بندی، مولانا عبدالواسع کی رہائشگاہ کو سب جیل قرار دے کر جیل عملہ تعینات کردیا گیا۔

کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع سمیت پارٹی کے پانچ رہنماؤں کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت نظر بند کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان نے گزشتہ شب جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع، بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین اصغر علی ترین اور بلوچستان اسمبلی کے اراکین فضل قادر مندوخیل اور سید ظفر آغا کو کوئٹہ میں مولانا عبدالواسع کی رہائشگاہ پر نظر بند کردیا۔

جمعہ کو سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ نے سریاب روڈ کے علاقے سروے 144 میں واقع مولانا عبدالواسع کی رہائشگاہ کو سب جیل قرار دے کر وہاں جیل کا عملہ تعینات کردیا۔

رہائشگاہ کے اطراف پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات رہی جبکہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔