بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک تعمیراتی کمپنی پر حملہ کرکے اس کے 11 ارکان کو اغوا کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اغوا کا یہ واقعہ گزشتہ روز نوشکی کے علاقے احمدوال، کلی بٹو میں پیش آیا، جہاں ایک تعمیراتی کمپنی کے ارکان سرکاری عمارت کی تعمیر کے کام میں مصروف تھے کہ اس دوران نامعلوم مسلح افراد نے انہیں اغوا کرلیا۔
ذرائع کے مطابق اغوا ہونے والے افراد میں سے 9 کا تعلق سندھ کے شہروں سکھر اور جیکب آباد جبکہ دو کا تعلق نوشکی سے بتایا جاتا ہے۔
تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال واقعے کی تصدیق یا اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔



















































