بولان میں فوجی آپریشن میں مصروف پاکستانی فورسز کو بھاری ہتھیاروں اور راکٹوں سے نشانہ بنانے کی اطلاعات، کوہِ سلیمان میں گاڑیوں کی تلاشی اور مواصلاتی ٹاور تباہ۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں بولان اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی سلسلے کوہِ سلیمان میں مسلح افراد کی جانب سے پاکستانی فورسز پر حملوں، ناکہ بندیوں اور مواصلاتی ٹاورز کو تباہ کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے بولان میں آج علی الصبح کیڑتگ کے مقام پر فوجی آپریشن میں مصروف پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کو مسلح افراد کی جانب سے حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جہاں بھاری ہتھیاروں اور راکٹوں کا استعمال کیا گیا۔
حملے کے نتیجے میں پاکستانی فورسز کے اہلکاروں کو جانی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
دوسری جانب ڈیرہ غازی خان کی تحصیل کوہِ سلیمان کے بلند و بالا پہاڑی مقامات یکبہی میں مسلح افراد نے ناکہ بندیاں قائم کرکے مختلف راستوں سے گزرنے والی گاڑیوں کی تلاشی لی۔
اطلاعات کے مطابق اسی دوران مسلح افراد نے ماڑ سر کے مقامات پر مواصلاتی کمپنی کے دو ٹاورز کو بارودی مواد نصب کرکے تباہ کردیا۔
واضح رہے کہ بولان اور کوہِ سلیمان کے مذکورہ علاقوں میں بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیمیں متحرک ہیں، تاہم ان حملوں اور کارروائیوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔



















































