بلوچستان میں بارشوں کی مسلسل کمی، خشک سالی کا خدشہ، زراعت اور مال مویشیوں کو خطرات لاحق

0

اکتوبر میں معمول سے 80 اور نومبر کے پہلے 20 دنوں میں 79 فیصد کم بارشیں ریکارڈ، محکمہ موسمیات نے آئندہ موسم سرما میں بھی بارشیں معمول سے کم رہنے کا خدشہ ظاہر کردیا۔

بلوچستان میں رواں سال مون سون سمیت مختلف مہینوں کے دوران معمول سے کم بارشوں کے باعث خشک سالی کی صورتحال سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کی کمی برقرار رہنے سے گندم سمیت ربیع کی فصلیں، مویشی پالنے والے خاندان اور پانی کے ذخائر متاثر ہوسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے محکمہ موسمیات کے نیشنل مانیٹرنگ اینڈ ارلی وارننگ سینٹر نے 20 نومبر کو جاری کردہ خشک سالی کی وارننگ میں بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کو ممکنہ خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں شامل کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعدادوشمار کے مطابق بلوچستان میں جولائی 2026 کے دوران معمول سے 41 فیصد، اگست میں 12 فیصد اور ستمبر میں 68 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جبکہ اکتوبر میں بارشوں کی کمی 80 فیصد تک پہنچ گئی، یکم سے 20 نومبر کے دوران بھی معمول سے 79 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔

محکمہ موسمیات کی نومبر کے آغاز میں جاری کردہ موسمیاتی رپورٹ کے مطابق اگست سے اکتوبر 2026 کے دوران بلوچستان میں مجموعی طور پر صرف 36.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس عرصے میں معمول کی بارش 61.1 ملی میٹر تھی۔

اس طرح بلوچستان میں تین ماہ کے دوران بارشوں میں 40.4 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔

اسی عرصے میں بلوچستان کا اوسط درجہ حرارت معمول سے 1.34 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا، جو دیگر علاقوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت کا فرق تھا، بارشوں کی کمی اور معمول سے زیادہ درجہ حرارت کے باعث زمین کی نمی میں کمی اور پانی کے وسائل پر دباؤ بڑھنے کے خدشات مزید سنگین ہوگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے دسمبر 2026 سے فروری 2027 تک بلوچستان میں معمول سے کم بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے، مسلسل خشک موسم کے باعث گندم سمیت ربیع کی فصلوں کی کاشت اور پیداوار متاثر ہونے کا خطرہ ہے، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں زراعت کا انحصار بارشوں پر ہے اور آبپاشی کے متبادل ذرائع محدود ہیں۔

ماہرین موسمیات کے مطابق بارشوں کی مسلسل کمی سے زمین میں قدرتی نمی بحال نہیں ہو پاتی، جس سے فصلوں کی نشوونما متاثر ہونے کے علاوہ زیر زمین پانی کے ذخائر پر بھی دباؤ بڑھتا ہے، ایسے حالات میں ٹیوب ویل اور دیگر ذرائع سے پانی کے حصول پر انحصار بڑھنے سے پہلے ہی پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے علاقوں کے مسائل میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

خشک سالی کے ممکنہ اثرات صرف زراعت تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ بارانی علاقوں میں مویشی پالنے والے خاندان بھی متاثر ہوسکتے ہیں، چراگاہوں میں قدرتی گھاس اور چارے کی کمی، پانی کے ذرائع کا خشک ہونا اور مویشیوں کے لیے خوراک کی دستیابی میں کمی ان خاندانوں کی روزی روٹی کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ خشک سالی سے متاثر ہونے کے خدشے والے علاقوں اور کمزور طبقات کی نشاندہی کی جائے، ضلعی سطح پر خشک سالی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے اور متاثرہ آبادیوں کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔

اس کے علاوہ پانی کے محتاط استعمال، آبپاشی کے مؤثر طریقوں، مویشیوں کے لیے چارے اور ویٹرنری سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ خشک سالی کی وارننگ احتیاطی اور پیشگی اطلاع ہے، اسے ہنگامی صورتحال یا باضابطہ طور پر خشک سالی کی ایمرجنسی کے اعلان کے طور پر نہیں لیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق صورتحال کا اگلا جائزہ 5 دسمبر کو جاری ہونے والے ماہانہ خشک سالی کے بلیٹن میں پیش کیا جائے گا۔