بلوچستان کے اضلاع خضدار، نوشکی اور خاران میں پاکستانی فورسز کو مختلف مقامات پر متعدد حملوں کا سامنا کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ضلع خضدار کے علاقے جیوا میں پاکستانی فوج کے ایک بڑے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں بڑی تعداد میں مسلح افراد کی موجودگی اور شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب ضلع خضدار ہی کے علاقے زہری کے مقام انجیرہ میں پاکستانی فوج کے ایک بڑے قافلے پر حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے، تاہم نقصانات کی حتمی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
اسی طرح آر سی ڈی شاہراہ پر لکوریان کے قریب بھی مسلح افراد اور پاکستانی فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔
ادھر ضلع خاران کے شہر میں کراچی اسٹاپ کے مقام پر پاکستانی فورسز کی تین گاڑیوں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں، جن میں سے دو گاڑیوں پر شدید فائرنگ کی گئی۔ واقعے کے دوران شدید فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔
دوسری جانب ضلع نوشکی میں اسٹیڈیم کے قریب پاکستانی فورسز کے کیمپ اور متعدد چیک پوسٹوں پر راکٹوں سمیت مختلف ہتھیاروں سے حملوں کی اطلاعات ہیں۔ فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں مارٹر گولے فائر کیے گئے، جن میں رہائشی علاقے بھی شامل بتائے جاتے ہیں۔












































