اورماڑہ روڈ حادثہ ۔ ٹی بی پی اداریہ
19 نومبر 2026 کو بلوچستان کے ساحلی علاقے اورماڑہ کے قریب بسول کے مقام پر تربت سے کراچی جانے والی ایک مسافر کوچ اور ایل پی جی باؤزر کے درمیان ہونے والے ہولناک تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں، جس کے باعث ایک خاتون اور تین بچوں سمیت کم از کم 11 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 33 افراد شدید زخمی ہوئے۔ بلوچستان میں ٹریفک حادثات اب کسی غیر معمولی واقعے کا نام نہیں رہے، بلکہ یہ ایک مستقل انسانی المیے کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں روزانہ متعدد ٹریفک حادثات پیش آتے ہیں، جن میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں اور درجنوں افراد عمر بھر کی معذوری، جسمانی تکالیف اور معاشی مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔
بلوچستان کا وسیع رقبہ، دشوار گزار جغرافیہ اور طویل سفری فاصلے اپنی جگہ ایک حقیقت ہیں، بدقسمتی سے بلوچستان کی اہم شاہراہیں طویل عرصے سے یک رویہ، تنگ، غیر محفوظ اور ناکافی سفری سہولیات کا شکار ہیں۔ سڑکیں چوڑائی، تعمیراتی معیار، حفاظتی دیواروں، سائن بورڈز، روشنی اور ہنگامی سہولیات کا فقدان ہے۔ ایسی شاہراہوں پر تیز رفتار ٹریفک، بھاری گاڑیوں اور مسافر کوچز کی آمدورفت ایک مستقل خطرہ بن جاتی ہے۔ بلوچستان کی اہم شاہراہوں پر طویل فاصلے تک یک رویہ یا غیر محفوظ سڑکوں کا موجود ہونا بذات خود ایک سنگین مسئلہ ہے۔ جب ایک ہی سڑک پر مسافر بسیں، آئل ٹینکرز، ایل پی جی باؤزر، مال بردار ٹرک اور چھوٹی گاڑیاں ایک دوسرے کے ساتھ سفر کر رہی ہوں تو معمولی سی غفلت بھی بڑے حادثے میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
مسافر گاڑیوں کے بعض ڈرائیوروں میں پیشہ ورانہ تربیت، ٹریفک قوانین سے آگاہی اور انسانی جانوں کی حفاظت کے حوالے سے ذمہ داری کا فقدان بھی ایک اہم مسئلہ ہے۔ بعض ڈرائیور طویل اور مسلسل سفر کرتے ہیں، مناسب آرام نہیں کرتے اور تھکاوٹ کے باوجود گاڑیاں چلاتے رہتے ہیں۔ مزید برآں، نشہ آور اشیا کے استعمال اور دورانِ ڈرائیونگ غفلت کے الزامات بھی ایک سنجیدہ معاملہ ہیں۔
بلوچستان میں انسانی حقوق، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت ہلاکتوں، معاشی محرومی، سیاسی بے اختیاری اور بنیادی سہولیات کے فقدان جیسے مسائل پہلے ہی ایک سنگین انسانی اور سیاسی بحران کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔ بلوچستان کی شاہراہوں پر روزانہ انسانی جانوں کا ضیاع اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں عوام کی زندگیوں کے تحفظ کو حکومتی ترجیحات میں وہ اہمیت حاصل نہیں جو ہونی چاہیے۔ بلوچستان میں شاہراہوں پر ہونے والی یہ اموات محض ڈرائیوروں کی غفلت کا نتیجہ نہیں، بلکہ ریاستی غفلت، حکومتی نااہلی اور دہائیوں سے جاری غیر منصفانہ پالیسیوں کے خلاف ایک فردِ جرم بھی ہیں۔
بلوچستان کی شاہراہیں عوام کے لیے سفر کو آسان اور محفوظ بنانے کے بجائے بلوچ عوام کے لیے موت کے راستے بنتی جا رہی ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق بلوچستان میں سڑک حادثات کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کسی بھی جنگ زدہ خطے میں ہونے والی اموات سے کم نہیں۔ برسوں سے بنیادی سہولیات، محفوظ شاہراہوں اور انسانی جانوں کے تحفظ کو نظرانداز کرنا بلوچ قوم کے لئے ایک ایسے اجتماعی سزا ہے جسے محض حادثات کہہ کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہ صورتحال اُس ساختی ناانصافی اور اجتماعی محرومی کی ایک اور کڑی ہے جس کا سامنا بلوچ قوم طویل عرصے سے کر رہی ہے۔ یہ محض حادثات نہیں، بلکہ ساختی تشدد ہے۔
















































