بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ممکنہ فوجی آپریشن کے پیش نظر متعدد علاقوں کی آبادی کو خالی کرانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ ذرائع کے مطابق متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو ماہ ستمبر کے دوران اپنے گھروں سے نقل مکانی کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق کوئٹہ تفتان تجارتی شاہراہ سے متصل نوشکی کے علاقوں کلی بھٹو، کلی ہارونی، کلی احمدوال اور کلی جورکین کی آبادی کو تقریباً دو ماہ کے لیے خالی کرایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق متعلقہ علاقوں کے مکینوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں سے منتقل ہونے سے قبل احمدوال زائرین کیمپ میں اپنی رجسٹریشن کرائیں۔ رہائشیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی روزمرہ ضرورت اور ضروری سامان اپنے ساتھ لے جائیں، جبکہ گھروں میں باقی سامان کی گھروں میں چھوڑ دیں۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق ممکنہ فوجی آپریشن کے دوران علاقے میں آمدورفت پر بھی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ اس سلسلے میں نوشکی دالبندین روڈ اور نوشکی خاران روڈ کو مخصوص دنوں کے لیے بند رکھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بھٹو سے جورکین تک کے علاقے میں فی الحال کرفیو نافذ ہے، اطلاعات کے مطابق کرفیو کے باعث تمام دکانیں اور پٹرول پمپس بند ہیں، جبکہ شہریوں کی نقل و حرکت بھی محدود کر دی گئی ہے۔













































