بلوچستان کے ضلع چاغی میں نامعلوم مسلح افراد ایک مال بردار بس کو روک کر اپنے قبضے میں لے لیا، جبکہ علیحدہ واقعے گاڑیوں پر فائرنگ کرکے نقصان پہنچایا گیا، مزید برآں ضلع بولان میں ایک پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق چاول اور آموں کی کھیپ لے جانے والی مال بردار بس جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب کوئٹہ سے دالبندین جارہی تھی کہ راستے میں نامعلوم مسلح افراد نے اسے روک لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور بس اور اس کے عملے کو اپنے ساتھ نامعلوم مقام پر لے گئے۔
دریں اثناء چہتر کے علاقے میں بازار میں کھڑی مال بردار و بوزر گاڑیوں کو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نشانہ بنایا جس کے بتیجے میں گاڑیوں کے ٹائر ناکارہ ہوگئے۔
دوسری جانب ضلع بولان میں رات گئے نامعلوم مسلح افراد نے بالاناری قومی شاہراہ پر واقع دوسا کراس چیک پوسٹ پر حملہ کرکے پوسٹ کو اپنے کنٹرول میں لیکر اسلحہ ضبط کرلیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملے کے دوران ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت حافظ عبدالرشید کے نام سے ہوئی ہے۔
تاحال کسی نے تینوں واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔













































