چاغی: مائننگ کمپنی پر حملہ، عملہ اغوا

0
تعمیراتی سائٹ پر کام کرنے والا ایف ڈبلیو او عملہ - فا ئل فوٹو

مسلح افراد نے مائننگ کمپنی کی سائٹ کو نشانہ بنایا اور عملے کو اپنے ساتھ لے گئے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے ماہیان کور میں مسلح افراد نے نجی مائننگ کمپنی کی مائن پر حملہ کرکے سائٹ پر موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان اپنے قبضے میں لے لیا۔

اطلاعات کے مطابق اس دوران مسلح افراد نے سائٹ پر موجود مائننگ کمپنی کے سات ارکان کو بھی حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

اغوا کیے گئے عملے میں گلگت سے تعلق رکھنے والے چار مزدور وجاہت، واجد، شاہد اور صابر، جبکہ مقامی تین مزدور ضیاء الدین ساکن دالبندین، شاہ سلیم ساکن ماہیان، چاغی اور سعید محمد ساکن ماہیان، چاغی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد کئی گھنٹوں تک سائٹ پر موجود رہے، تاہم سیکیورٹی فورسز کارروائی کرنے میں ناکام رہیں، مسلح افراد مائن پر موجود ایک زمباد گاڑی، ایک فور بائی فور پک اپ، 20 سے زائد سولر پلیٹس، موٹر سائیکل سمیت دیگر سامان بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

چاغی پولیس کے مطابق واقعے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے مزید کارروائی اور مغویوں کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔