بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں بڑی تعداد میں مسلح افراد نے شہر کے مختلف اہم مقامات پر کنٹرول اپنے ہاتھوں میں لیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے ماشکیل کے مقامی پولیس اسٹیشن اور کسٹمز چیک پوسٹ کو اپنےکنٹرول میں لے لیا ہے، جبکہ علاقے میں موجود فرنٹیئر کور (ایف سی) کے مرکزی کیمپ پر حملے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کی جانب سے مختلف مقامات پر شدید فائرنگ کی گئی، جبکہ علاقے میں دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔
تاحال سرکاری سطح پر مکمل تصدیق سامنے نہیں آسکی ناہی جانی و مالی نقصان کے حوالے سے بھی فی الحال کوئی حتمی اطلاعات سامنے نہیں آئی ہیں۔
ماشکیل، ضلع واشک کا ایک اہم سرحدی علاقہ ہے۔ یہ علاقہ ماضی میں بھی مسلح حملوں کے باعث خبروں میں رہا ہے۔ حالیہ ہفتوں میں بھی واشک اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں مسلح کارروائیوں کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔
تاہم آج کے واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔













































