گوادر: پولیس چیک پوسٹ پر مسلح حملہ، سرکاری اسلحہ اور گاڑی ضبط

18

ساحلی شہر گوادر کے علاقے سنٹسر میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کرکے وہاں تعینات اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا اور سرکاری اسلحہ و ایک سرکاری گاڑی اپنے قبضے میں لے لیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے چیک پوسٹ کا محاصرہ کیا اور اہلکاروں کو اپنے قابو میں لینے کے بعد وہاں موجود سرکاری ہتھیار اور ایک سرکاری گاڑی ساتھ لے گئے۔ واقعے میں کسی جانی نقصان کی فوری طور پر اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

یہ واقعہ رواں ہفتے کے دوران گوادر میں پیش آنے والا اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 4 جون 2026 کی صبح گوادر کے علاقے کنٹانی کے مقام ہور میں ایک کارروائی کے دوران چار پولیس اہلکاروں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ اس واقعے کی ذمہ داری مسلح تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرمچاروں نے اہلکاروں کے قبضے سے ایک سرکاری کلاشنکوف بمعہ میگزین اور ایک گاڑی اپنے قبضے میں لے لی تھی۔

تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ اہلکار مقامی گاڑیوں سے بھتہ وصول کرنے میں ملوث تھے۔

حالیہ دنوں میں ضلع کے مختلف علاقوں میں مسلح سرگرمیوں اور پاکستانی فورسز کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔