کوئٹہ حملے میں زخمی ایک اور فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ مئی میں بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پاکستانی فوجی اہلکاروں کو لے جانے والی شٹل ٹرین پر ہونے والے حملے میں زخمی ایک اہلکار آج اسپتال میں دم توڑ گیا، جس کی تصدیق اس کے رشتہ داروں نے کردی ہے۔
مذکورہ فوجی کی شناخت پنجاب کے ضلع اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے فوجی اہلکار صابر ڈوگر کے نام سے ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ کوئٹہ کے چمن پھاٹک پر پاکستانی فوج کے اہلکاروں کو کینٹ سے ریلوے اسٹیشن لے جانے والی شٹل ٹرین کو ایک فدائی حملے کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں ٹرین کی تین بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھیں۔
اس حملے کی ذمہ داری بلوچ آزادی پسند مسلح تنظیم بی ایل اے نے قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ حملہ اس کے مجید بریگیڈ یونٹ کے فدائی بلال شاہوانی نے سرانجام دیا، جس میں موقع پر ہی 82 فوجی اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
کوئٹہ حملے کے متعدد زخمی تاحال مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، جبکہ کئی زخمی بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوچکے ہیں۔

















































