فیفا ورلڈ کپ 2026 میں کھیلے گئے مختلف میچوں میں ایران اور نیوزی لینڈ کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا جبکہ اسپین اور کیپ ورڈی کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے ڈرا ہوگیا۔
ایران اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور مقررہ وقت میں دو، دو گول اسکور کیے۔ ایران کی جانب سے رامین اور محمد محبی نے ایک، ایک گول کیا، جبکہ نیوزی لینڈ کے لیے جسٹ نے دونوں گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو شکست سے بچا لیا۔
دوسری جانب ایٹلانٹا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سابق عالمی چیمپئن اسپین پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے والی کیپ ورڈی کے خلاف برتری ثابت نہ کر سکی اور مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
میچ میں اسپین نے گیند پر زیادہ کنٹرول رکھا اور دو درجن سے زائد مرتبہ گول کرنے کی کوشش کی، تاہم کیپ ورڈی کے گول کیپر وزینا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گول پر کیے گئے سات خطرناک حملے ناکام بنا دیے۔ کیپ ورڈی کی دفاعی لائن نے بھی بہترین کھیل پیش کیا اور اسپین کو گول کرنے سے روکے رکھا۔
گئے دیگر میچوں میں مصر اور بیلجیئم کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا، جبکہ سعودی عرب اور یوراگوئے کی ٹیمیں بھی ایک، ایک گول کرنے کے بعد میچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہیں۔
ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے میں مسلسل دلچسپ اور سخت مقابلے دیکھنے میں آ رہے ہیں، جہاں کئی مضبوط ٹیموں کو نسبتاً کمزور حریفوں کے خلاف مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔



















































