بلوچستان کے ضلع قلات میں پاکستانی فوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہ جبکہ دوسری جانب پنجگور کے علاقے چیدگی میں فوجی ہیلی کاپٹروں پر مسلح افراد کے حملوں کی اطلاعات ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق قلات کے علاقے منگچر میں ایک دھماکہ اس وقت پیش آیا جب پاکستانی فوج کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار پیدل گشت میں مصروف تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ سڑک کنارے نصب ایک دیسی ساختہ بم کے ذریعے کیا گیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب منگچر اور گردونواح کے علاقوں میں پاکستانی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ مقامی باشندوں کے مطابق گزشتہ روز متعدد مقامات پر گن شپ ہیلی کاپٹروں نے فضائی کارروائیاں کرتے ہوئے شدید شیلنگ کی تھی۔
دریں اثنا، ضلع پنجگور کے علاقے چیدگی سے اہم اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے علاقے میں آپریشن میں مصروف فوجی ہیلی کاپٹروں کو بڑے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ حملے کے نتیجے میں ایک ہیلی کاپٹر کو نقصان پہنچا، تاہم اس حوالے سے کسی سرکاری ادارے یا فوجی حکام نے تاحال کوئی تصدیق یا تردید جاری نہیں کی۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیدگی اور اس کے نواحی علاقوں میں حالیہ دنوں کے دوران پاکستانی فورسز اور مسلح افراد کی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔


















































