بی این ایم کے ممبر محمد رمضان گزشتہ 16 سال سے پاکستانی فوج کی حراست میں ہیں، قربانیاں منزل کا پتہ دیتی ہیں – بی این ایم

1

بلوچ نیشنل موومنٹ ( بی این ایم ) کے ترجمان نے پارٹی رکن محمد رمضان بلوچ کی جبری گمشدگی کے 16 سال پورے ہونے پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ محمد رمضان 25 جولائی 2010 سے پاکستانی فوج کی حراست میں ہیں۔ انھیں اوتھل زیرو پوائنٹ کے مقام سے دورانِ سفر اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ گوادر جا رہے تھے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ محمد رمضان اور دیگر اسیرانِ آزادی کی قربانیاں بلوچستان کی آزادی کے عظیم مقصد کے لیے ہیں۔ قابض فوج عقوبت خانوں کے ذریعے ان کی فکر اور نظریہ کو مٹانے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ظلم کا یہ دور ختم ہونے والا ہے، بلوچستان آزاد ہوگا اور مظالم کا حساب ہر صورت لیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچ قوم اپنے جبری گمشدگان کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ہم 16ویں صدی میں پرتگیزیوں کے خلاف مزاحمت کی علامت بننے والے اپنے قومی ہیرو ھمل جیھند کو آج تک یاد رکھے ہوئے ہیں، موجودہ دور کے قومی اسیران کو بھی تاریخ کے گرد میں دفن ہونے نہیں دیا جائے گا۔ یہ قربانیاں ایک آزاد اور انسانی بنیادوں پر استوار بلوچستان کے تحفظ کے لیے ہماری رہنمائی کرتی رہیں گی اور ہمیں یہ احساس دلاتی رہیں گی کہ ہماری منزل کیا ہے۔ یہی قربانیاں تحریکوں کو زندہ رکھتی اور قوموں کو بھٹکنے سے بچاتی ہیں۔