بسیمہ: پاکستانی فورسز پر راکٹوں سے حملہ

37

بلوچستان کے ضلع واشک کے علاقے بسیمہ میں پاکستانی فورسز کو مسلح افراد نے حملے میں نشانہ بنایا۔

منگل کے روز بسیمہ کے علاقے جُر میں مسلح افراد نے پاکستانی فورسز کو اس وقت حملے میں نشانہ بنایا جب وہ علاقے میں پیش قدمی کی کوشش کررہے تھے۔

ذرائع نے ٹی بی پی کو بتایا کہ فورسز علاقے میں مارٹر فائر کررہے تھے کہ گھات لگائے افراد نے ان پر راکٹوں اور دیگر ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ حملے میں نقصانات کے حوالے سے تاحال حکام نے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے تاہم حملے کے باعث فورسز کو پسپائی اختیار کرنی پڑی۔

خیال رہے آج اس سے قبل خاران کے داخلی علاقوں ساراوان اور نوروز قلات سمیت زورزئی کے مقامات کو مسلح افراد نے اپنے کنٹرول میں لیا۔ اس دوران فورسز کو حملوں کا سامنا کرنے سمیت شاہراہ پر دو پلوں کو دھماکوں میں تباہ کردیا گیا۔

دریں اثناء کوئٹہ سے متصل ڈغاری کے علاقے میں مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ بندی کے دوران فورسز کے پوسٹ کیلئے راشن لیجانے والی گاڑی کو راشن سمیت تحویل میں لیا تھا۔

ان کاروائیوں کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔