کراچی: بی وائی سی رکن فوزیہ بلوچ کے بھائی پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ

0

پاکستانی فورسز نے کراچی سے داد شاشانی کو تحویل میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی بلوچ کارکن اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کی رکن فوزیہ بلوچ شاشانی نے کہا ہے کہ ریاستی اداروں نے ان کے بھائی داد بلوچ شاشانی کو ان کے گھر سے حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔

فوزیہ بلوچ کے مطابق پاکستانی فورسز کے اہلکاروں نے ان کے گھر پر دھاوا بولتے ہوئے انکے سامنے انکے بھائی کو گھسیٹ کر اپنے ہمراہ لے گئے۔

فوزیہ بلوچ نے بتایا کہ اس دوران انہوں نے ایف آئی آر اور دیگر کاغذات کا مطالبہ کیا تو انہیں دھمکایا گیا اور بغیر کسی وارنٹ کے ان کے بھائی کو زبردستی اغوا کر کے اپنے ساتھ لے جایا گیا۔

انہوں نے بتایا واقعہ کے بعد انھوں نے تھانوں میں جا کر معلومات حاصل کرنے کے باوجود ان کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔

فوزیہ بلوچ نے کہا کہ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ ریاستی اداروں نے ان کے بھائی کو لاپتہ کیا ہے، اس سے قبل بھی وہ جبری گمشدگی کا نشانہ بننے کے بعد بازیاب ہوگئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست ایسے غیر آئینی ہتھکنڈوں کے ذریعے انہیں اور ان کے اہلِ خانہ کو خوفزدہ کرنا چاہتی ہے، تاہم وہ اپنے بھائی کی جبری گمشدگی کے خلاف شدید احتجاج کریں گی۔

انہوں نے سیاسی و انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے بھائی کی بازیابی کے لیے آواز بلند کریں۔