آواران: فوجی قافلے پر حملہ ہلاکتوں کی اطلاعات

170

بلوچستان کے ضلع آواران میں ہفتہ کے روز پاکستانی فورسز کے ایک قافلے پر مسلح افراد کے حملے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے نتیجے میں ممکنہ جانی نقصان کی خبریں سامنے آئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔

مقامی ذرائع اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ آواران کے علاقے آھوری میں پیش آیا، جہاں پاکستانی فورسز کا آٹھ گاڑیوں پر مشتمل قافلہ نقل و حرکت میں تھا۔

رپورٹس کے مطابق مسلح حملہ آور پہلے سے گھات لگا کر موجود تھے اور انہوں نے قافلے کے مخصوص مقام پر پہنچتے ہی حملہ کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں کئی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم سرکاری سطح پر نہ تو ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کی گئی ہے اور نہ ہی حملے کی نوعیت سے متعلق تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

تاحال کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، تاہم بلوچستان میں ماضی میں بھی اس نوعیت کے حملوں کی ذمہ داری آزادی پسند مسلح تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں۔