راشد خان کرکٹ ورلڈکپ کی اپنی تمام فیس زلزلہ متاثرین کو عطیہ کرینگے

124

افغان اسٹار و معروف بین الاقوامی کرکٹر راشد خان نے اپنے ورلڈکپ میچوں کے فیس ہرات کے زلزلہ متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا وہ جلد اس حوالے فنڈ ریزنگ مہم شروع کریں گے۔

افغان آل راؤنڈر راشد خان جو اس وقت کرکٹ ورلڈکپ کے لیے بھارت میں موجود ہیں۔ انہوں نے اپنی ورلڈکپ کی میچ فیس زلزلہ متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا، راشد خان نے انسٹاگرام پر زلزلہ متاثرین کی کچھ دلخراش تصاویر شیئر کیں اور لکھا ‘میں نے افغانستان کے مغربی صوبوں (ہرات، فراہ اور بادغیس) میں آنے والے زلزلے کے المناک نتائج کے بارے میں سنا جس کا مجھے بے حد افسوس ہے’۔

کرکٹر نے لکھا ‘میں متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے کرکٹ ورلڈکپ کی اپنی تمام میچ فیس عطیہ کر رہا ہوں، جلد ہی ہم ان لوگوں سے رابطہ کرنے کے لیے ایک فنڈ ریزنگ مہم شروع کریں گے جس سے ضرورت مند لوگوں کی مدد کی جا سکے گی۔

خیال رہے کہ راشد خان اس سے قبل گذشتہ سال افغانستان میں ہونے والے زلزلے میں متاثرین کے مدد کےلئے پیش پیش تھے اور انہوں نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو میں اہم کردار ادا کیا تھا۔