ہرات: زلزلے میں دو ہزار افراد جانبحق جبکہ نو ہزار زخمی ہوئے ہیں۔ طالبان حکام

243

ہفتہ سات اکتوبر کو افغانستان کے علاقے ہرات میں ہونے والے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ 

طالبان حکومت کی آفات اور حادثات سے نمٹنے والی وزارت کے ترجمان ملا جانان سائق کے مطابق اب تک ہلاکتوں کی تعداد 2,053 جبکہ زخمیوں کی تعداد 9,240 ہے۔

ترجمان کے مطابق اس زلزلے میں 1,329 گھر اور عمارتیں جزوی یا مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں۔

افغانستان کی انفارمیش اور کلچر منسٹری کے ایک اہلکار عبدالواحد ریان نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ‘زخمیوں کی تعداد کافی زیادہ ہے‘۔

محکمہ صحت کے ایک اہلکار ڈاکٹر دانش کے مطابق 200 سے زائد ہلاک شدہ افراد کو مختلف ہسپتالوں میں لایا گیا ہے اور ان میں سے زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔

خیال رہے کہ ہفتے کی شام تک ہلاکتوں کی تعداد محض 16 بتائی گئی تھی تاہم ہفتے کی صبح ریڈ کراس کی طرف سے بتائی گئی ہلاکتوں کی تعداد 500 تھی۔

ملا جانان سائق کے مطابق ایرانی سرحد کے قریب اس وقت بھی 10 ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔