بلوچستان میں مزید سخت آپریشن کیے جائیں گے۔ سرفراز بگٹی

427

پاکستان کے نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے دعویٰ کیاہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 خودکش حملوں میں سے 14 حملوں میں افغان ملوث تھے، افغانستان سے ہم پر حملے ہوتے ہیں جس کے ثبوت ہم افغان حکام کے سامنے رکھتے ہیں، افغانستان میں شیخ ہیبت اللہ کے فتوے پر عمل ہونا چاہیے۔

سرفراز بگٹی نے بتایا کہ ایپکس کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں آرمی چیف بھی شریک ہوئے، فیصلہ کیا گیا کہ ایک بھی پاکستان کی بہبود، سلامتی ہمارے لیے سب سے زیادہ مقدم ہے، ہمارے لیے سب سے اہم پاکستان اور پاکستانی قوم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ غیرقانونی رہائش پذیر غیرملکیوں کو یکم نومبر تک اپنے اپنے ملک واپسی کی ہدایت کی گئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے یکم نومبر سے انہیں ڈی پورٹ کردیا جائے گا اس کے بعد کوئی بھی پاسپورٹ پر ویزا لے کر ہی پاکستان آسکے گا۔

پاکستانی وزیر داخلہ ںے کہا کہ ہنڈی و حوالہ اور بجلی چوری پر آپریشن مزید سخت کیے جائیں گے، ویب پورٹل کے ذریعے غیر قانونی پناہ گزینوں، غیر قانونی جائیدادوں کے حوالے سے اطلاع دی جاسکے گی جس پر انعام بھی دیا جائے گا، منشیات کے خلاف سخت سے سخت ترین اقامات اٹھائے جارہے ہیں، بلوچستان میں ایک بڑا آپریشن کیا گیا ہے، مزید سخت آپریشن کیے جائیں گے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ کسی کو بھی کسی بھی نام پر تشدد کی اجازت نہیں ہوگی، ایسی تشدد جس میں کوئی بھی اپنا ایجنڈا بندوق کے ذریعے مسلط کرنا چاہے گا اس پر ریاستی ادارے حرکت میں آئیں گے، اسلام کے نام پر ریاست پر حملہ آوروں کو سختی کے ساتھ کچلا جائے گا، اسلامی تعلیمات کے خلاف کسی کو اقلیتوں کے خلاف جھتہ بنانے کی اجازت نہیں ہوگی ان سے سختی سے نمٹا جائے گا، اقلیتوں کو مکمل تحفظ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صحت مندانہ یونین پروموٹ کی جائیں گی جب کہ باقی یونینز کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، کسی کا احتجاج کا حق روکا نہیں جائے گا، ضروری خدمات میں تنظیموں کو روکا جائے گا، اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں پر عمل ہوگا۔

پاکستانی نگراں وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا کہ جنوری سے اب تک 24 خودکش حملے ہوئے جن میں سے 14 حملوں میں افغان ملوث تھے، افغانستان میں شیخ ہیبت اللہ کے فتوے پر عمل ہونا چاہیے، افغانستان سے ہم پر حملے ہوتے ہیں جس کے ثبوت موجود ہیں، ہم تمام معاملات فارن آفس کے ذریعے افغان حکام کے سامنے رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں اپنے اداروں کو مضبوط کررہے ہیں نادرا ایک قومی سیکیورٹی محکمہ ہے جس کا ڈیٹا بہت اہم ہے اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے چیئرمین نادرا کی تعیناتی کی گئی ہے، چیئرمین نادرا کا ڈیجیٹل ورک میں بہت کردار ہے وہ نادرا کو ٹھیک کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیرقانونی پناہ گزینوں کے پاس کوئی دستاویزات نہیں ہیں، ہم اپنے گھر کو آرڈر میں لے کر آرہے ہیں پاکستان میں 44 لاکھ افغان ہیں جن میں سے صرف 17 لاکھ 30 ہزار قانونی طور پر مقیم ہیں ہمارے پاس صلاحیت موجود ہے کہ غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو نکال سکیں۔