کینیڈا: ایک اور سکھ قتل

236

شمالی امریکہ کے ملک کینیڈا میں نامعلوم افراد نے بھارت کو مطلوب سکھ کو قتل کردیا-

تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے شہر ونیپیگ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے بھارت سے پنجاب کی علحیدگی کا مطالبہ کرنے والے اور بھارتی سرکار کو مطلوب سکھ رہنما سکھ دول سنگھ (سکھا دونیکے) کو قتل کردیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سکھدول سنگھ بھارت میں سب سے زیادہ مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھے، بھارتی ایجنسی این آئی اے نے بھی ان کے خلاف وارنٹ جاری کیے تھے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے قتل ہونے والے دول سنگھ کو بھارت میں مطلوب گینگ رکن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں آج کینیڈا کے شہر ونیپیگ میں قتل کردیا گیا ہے-

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سکھدول سنگھ کا تعلق بھارتی پنجاب سے تھا جو خالصتان تحریک کے حامی تھے، سکھدول سنگھ 2017 سے کینیڈا میں مقیم تھے۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کینیڈا میں ایک سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل پر بھارت اور کینیڈا کے درمیان سفارتی کشیدگی جاری ہے۔

قبل ازیں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ کینیڈا میں قتل ہونے والے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد ملے ہیں۔

اس بیان کے فوری بعد کینیڈا نے بھارتی ایجنسی ’را‘ کے سربراہ کو ملک بدر کر دیا تھا جبکہ بھارت نے کینیڈا کا الزام مسترد کرتے ہوئے جوابی کارروائی میں سینئر کینیڈین سفارتکار کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد بھارت اور کینیڈا کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد بھارت نے اپنے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی تھی جس کو کینیڈا نے مسترد کردیا ہے۔

دوسری جانب گزشتہ روز کینیڈا میں سکھ اور مسلم رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کی برادریوں کے خلاف ممکنہ خطرات کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کرے۔

یاد رہے ہردیپ سنگھ کو 18 جون 2023 میں کینیڈا میں گوردوارے کے باہر قتل کردیا گیا تھا۔