پسنی کو ڈیتھ اسکواڈ کے حوالے کردیا گیا۔ حق دو تحریک

276

26 دسمبر کا واقعہ گوادر کی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر منایا جائیگا، اس دن بلوچ قوم کی ننگ و ناموس پر حملہ تصور کرتے ہیں، سیاست عقل و شعور کی جنگ ہے جس میں انتقام کی کوئی گنجائش نہیں، پسنی شہر کو ایک بار پھر ڈیتھ اسکواڈ کے حوالے کیا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن، حسین واڈیلہ و دیگر نے مولانا ہدایت الرحمن کی پسنی آمد پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مقررین نے کہا کہ 26 دسمبر کو گوادر میں بلوچ قوم کی ننگ و ناموس پر حملہ کیا گیا، 26 دسمبر کو حق دو تحریک یوم سیاہ کے طور پر منائے گی۔ سیاست عقل و شعور کی جنگ ہے جس میں انتقام کی کوئی گنجائش نہیں مگر 26 دسمبر کو گوادر میں ڈسٹرکٹ پولیس نے کریک ڈاﺅن کرکے ہماری ماﺅں اور بہنوں پر بدترین تشدد کیا۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی عوامی نمائندہ وہ ہوتا ہے جو اپنے ننگ و ناموس کے خاطر جان تک قربان کرنے سے دریغ نہ کرے نہ کہ وہ جو اپنی طاقت کے بل بوتے پر ماں، بہنوں کی ننگ و ناموس کو پامال کرے۔ مقررین نے کہا کہ ہم اپنی جانوں کا نذرانہ دیکر اپنے ساحل اور سمندر کا تحفظ کریں گے، جب تک سمندر میں ایک بھی ٹرالر موجود ہے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

مقررین نے مزید کہا کہ ٹرالر، بارڈر و ڈرگ مافیا کی شکل میں بلوچ عوام کا استحصال کرنے والوں کو کھلی چوٹ دی گئی ہے، جبکہ آئینی و جمہوری جدوجہد کرنے والوں کیخلاف جھوٹی ایف آئی آر دائر کرکے انہیں پابند سلاسل کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حق دو تحریک اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیئے ایک جمہوری و عوامی سیلاب ہے، اس کے سامنے جو بھی قوت دیوار بنے گی یہ سیلاب اسے بہا کے لے جائیگا، اگر آپ اپنے حقوق حاصل کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو بحیثیت قوم متحد ہونا پڑے گا۔

مقررین نے کہا کہ پسنی شہر کو ایک بار پھر ڈیتھ اسکواڈ کے حوالے کیا جارہا ہے، دن دہاڈے آنل نامی نوجوان کا قتل ہوتا ہے اور پولیس 20 سے زائد دن گزرنے کے باوجود قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے، پسنی پولیس کی تمام تر ترجیح شہر میں امن و امان قائم کرنے کے بجائے منشیات فروشوں سے بھتہ وصولی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حق دو تحریک کے کارکنان نے کٹھن حالات میں بھی جوانمرددی سے ہر مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، تشدد و قید و بند کی صعوبتوں کو جھیلنے کے بعد یہ ثابت قدمی انکی مخلصی کا واضح ثبوت ہے۔ مقررین نے کہا کہ گوادر میں 16 سال سے حکمرانی کرنے والے ماہیگیروں کے معاش کو تحفظ فراہم کرنے کے بدلے ٹرالر مافیا کی پشت پناہی کررہے ہیں۔