افغانستان : وزارت خارجہ کے دفتر کے قریب خودکش دھماکا، 6 افراد ہلاک

214

افغانستان کے دارالحکومت میں واقع وزارت خارجہ کے دفتر کے سیکیورٹی گیٹ پر حملہ آور نے خود کو بارودی مواد سے اُڑا دیا-

واقعہ کے حوالے سے طالبان حکومتی ترجمان نے اپنے بیان میں 6 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ خود کش حملہ آور کو چیک پوسٹ پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تھا۔

ترجمان افغان حکام کے مطابق خود کش بمبار نہیں رکا تو سیکیورٹی اہلکار نے اس پر گولیاں چلادی دیں جس سے وہ زخمی ہوکر گر گیا اور اسی وقت خود کش دھماکا کردیا۔

خود کش حملے میں 10 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، ہلاک ہونے والے تمام افراد شہری ہیں تاہم زخمیوں میں سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق حملہ آور کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے تاہم اب تک اس کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی، تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی-

یاد رہے طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے سیکیورٹی اہلکاروں، سرکاری دفاتر اور امام بارگاہوں پر حملوں میں داعش خراسان ملوث رہی ہے۔

طالبان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے حال ہی میں داعش خراسان کے خلاف کارروائی میں بڑی کامیابیاں حاصل کی اور داعش برصغیر کے سربراہ سمیت اہم کمانڈرز کو فوجی آپریشن میں قتل کردیا تھا-

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آج وزارت خارجہ پر ہونے والا خود کش حملہ داعش خراسان کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کا انتقام ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ چھ ماہ میں افغانستان کے وزارت خارجہ کے دفتر پر یہ تیسرا بڑا حملہ ہے۔