بھارت پاکستان اور چین کی سرحد پر بیلسٹک میزائل تعینات کرے گا

356
انڈیا اور پاکستان کی سرحد پر فائرنگ کے نتیجے میں سات افراد ہلاک

دفاع کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت میں بھارت نے اپنی مسلح افواج کے لیے 120 ‘پرلئے’ بیلسٹک میزائل خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان میزائیلوں کو پاکستان اور چین سے ملحق سرحدوں پر تعینات کیا جائے گا۔

تجزیہ کاروں کا تاہم خیال ہے کہ یہ اعلان ملکی اپوزیشن سیاسی جماعتوں کی طرف سے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت پر مسلسل دباو کو کم کرنے کی کوشش ہے۔

اپوزیشن جماعتیں مودی حکومت پر چین کی جانب سے مبینہ جارحیت کا ٹھوس جواب نہ دینے کے الزامات عائد کر رہی ہیں۔

ایک بھارتی خبر رساں ایجنسی نے اعلیٰ فوجی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ “گزشتہ دنوں بھارتی وزارت دفاع کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی، جس میں مسلح افواج کے لیے 100 سے زائد پرلئے بیلسٹک میزائیلوں کی خریداری کو منظوری دی گئی۔ زمین سے زمین پر مار کرنے والے دیسی ساخت کے ان میزائیلوں کو پاکستان اور چین سے ملحق بھارت کی سرحدوں پر تعینات کیا جائے گا۔”

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یہ میزائیل پہلے بھارتی فضائیہ کو فراہم کیے جائیں گے اس کے بعد یہ بھارتی آرمی کو ملیں گے۔

بھارتی وزارت دفاع نے پرلئے میزائیلوں کی خریداری کا فیصلہ گزشتہ برس بھارت کے دفاعی تحقیقاتی و ترقی تنظیم (ڈی آر ڈی او) کی جانب سے ان میزائیلوں کے پہلے کامیاب تجربے کے بعد کیا ہے۔

ذرائع کا تاہم کہنا ہے کہ چونکہ پرلئے بیلسٹک میزائیل کے اب تک صرف دو تجربات ہوئے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ انہیں آپریشنل بنانے میں ابھی وقت لگ سکتا ہے کیونکہ ان کے لیے سپورٹنگ موبائیل پلیٹ فارم بھی تیار کرنے ہوں گے۔