شکست بہت بھاری دھچکا تھا – میسی

300

قطر میں جاری فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں سعودی عرب کے ہاتھوں شکست کے بعد ارجنٹائن کے اسٹار لیونل میسی نے کہا ہے کہ شکست بہت بھاری دھچکا تھا لیکن ہمیں خود پر اعتماد برقرار رکھنا چاہیئے۔

گزشتہ روز قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سعودی عرب نے فیفا ورلڈکپ 2022 کے گروپ میچ میں ارجنٹائن کو شکست دے کر تاریخ رقم کی۔

فیفا کی عالمی رینکنگ میں 51 ویں نمبر پر موجود سعودی ٹیم نے عالمی نمبر 3 ارجنٹائن کو ورلڈکپ میں 2 کے مقابلے میں ایک گول سے ہرائی۔

شکست کے بعد ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی کا کہنا تھا کہ یہ شکست بہت بھاری دھچکا تھا لیکن ہمیں خود پر اعتماد برقرار رکھنا چاہیئے۔

میسی نے مزید کہا کہ کھیل میں وہ 5 منٹ ہمارے لیے بھاری ثابت ہوئے، ہم نے سب بگاڑ دیا، گروپ میں ابھی پہلا میچ ہوا ہے، میکسیکو اور پولینڈ کے خلاف جیت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

سعودی عرب کی جانب سے پیش کردہ کھیل پر ارجنٹائن کے کپتان نے کہا کہ ہم جانتے تھے وہ ٹیم کیا ہے ،اگر ہم اسے کھیلنے دیں گے تو وہ شاندار کھیل پیش کرے گی، مجھے اس گروپ کے ساتھ اتنا بڑا دھچکا کبھی نہیں لگا لیکن جو ہوتا ہے اچھے کے لئے ہوتا ہے، ہمیں اب جیتنا ہے۔

سعودی عرب کے خلاف میچ کے دوران میسی نے 9 ویں منٹ میں گول اسکور کیا تھا اور ٹیم کو سبقت دلائی تھی تاہم دوسرے ہاف میں عرب ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 48 اور 53ویں منٹ گول اسکور کرکے سبقت ختم کردی تھی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

واضح رہے کہ ارجنٹائن کے اسٹار فٹ بالر لیونل میسی اپنے کیریئر کا آخری ورلڈ کپ کھیل رہے ہیں اور پوری قوم نے ان سے امیدیں وابستہ کررکھی ہیں۔