استنبول میں دھماکے کا ملزم گرفتار

385

ترک شہر استنبول میں گزشتہ روز ہوئے دھماکے کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ترک وزیرِ داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم نے استنبولکی استقلال اسٹریٹ پر بم نصب کیا تھا۔

اس گرفتاری کے بعد ترک وزیر نے کردستان ورکرز پارٹی کو حملے کا ذمے دار قرار دے دیا۔

استنبول بم دھماکے سے متعلق ترکیہ کی وزارتِ داخلہ نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ بم دھماکے میں ایک چھوٹی بچی بھیجاں بحق ہوئی ہے۔

ترکیہ کی وزارتِ داخلہ کے مطابق بم نصب کیا گیا تھا، بم دھماکے سے متعلق ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، حملے میںکردش تنظیم پی کے کے ملوث ہے۔

اس سے قبل ترک حکام کی جانب سے خودکش دھماکے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دھماکا تقسیم اسکوائر پر ہوا جہاں سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی، بم دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور81 زخمی ہوئے تھے۔

ترک صدر طیب اردوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابتدائی اشاروں سے معلوم ہوتا ہے کہ استنبول حملہ دہشت گردی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ غلط بھی ہوسکتا ہے لیکن بظاہر دہشت گردی ہی لگتی ہے۔

صدر اردوان نے کہا تھا کہ اطلاعات کے مطابق حملے میں خاتون کا کردار ہے، ذمے داروں کو قرار واقعی سزا ملے گی۔