کراچی سے مزید تین نوجوان جبری لاپتہ

637

کراچی میں بلوچ نوجوانوں کو لاپتہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے، مختلف بلوچ علاقوں میں گھروں پر چھاپے مارکر لوگوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا گیا ہے۔

گذشتہ رات 4 بجے کے وقت کراچی کے علاقے لیاری میراں ناکہ پر سیکورٹی فورسز نے ضلع پنجگور کے رہائشی شوکت ولد حاجی حضور بخش نامی نوجوان کو جبری طور پر گھر سے اٹھاکر لاپتہ کردیا۔

لاپتہ ہونے والے شخص کے خاندانی ذرائع کے مطابق وہ بے گناہ ہے اور ایک نجی بینک کا فورتھ کلاس ملازم ہے۔

اسی طرح گذشتہ روز، صبح پانچ بجے کے قریب کراچی کے علاقے مسکن چورنگی میں واقعہ گھر پر چھاپہ مارکر دودا بلوچ ولد الہی بخش اور اس کے ڈیپارٹمنٹ فیلو غمشاد بلوچ ولد غنی بلوچ کو خفیہ اداروں اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے جبری طور لاپتہ کردیا۔

دودا بلوچ کراچی یونیورسٹی کے شعبہ فلاسفی میں تیسرے سیمسٹر اور غمشاد بلوچ پانچویں سیمسٹر کے طالب علم ہیں۔

ان کی جبری گمشدگی کے وقت سے لیکر اب تک خاندان کو پتہ نہیں کہ وہ کہاں اور کس حال میں ہیں۔

کراچی میں پاکستانی فورسز کی جانب سے لوگوں کی جبری گمشدگی پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔ سندھ حکومت کو اس عمل میں برابر کے شریک قراردیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ سلسلہ بند نہیں کیا گیا تو بلوچ یکجہتی کمیٹی سخت احتجاج کرنے کا حق رکھتی ہے۔

کراچی پریس کلب کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کی آرگنائزر آمنہ بلوچ، سمی دین بلوچ اور لاپتہ افراد کے خاندان کے افراد نے سندھ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکومت کے سامنے تمام بلوچ دہشتگرد ہیں۔ سندھ کے مختلف تعلیمی اداروں سے بھی درجنوں طالب علم اس وقت فورسز اور خفیہ اداروں کے ہاتھوں لاپتہ ہیں۔

آمنہ بلوچ کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں کراچی سے متعدد افراد کو حراست میں لے کر لاپتہ کیا گیا۔ کراچی میں خفیہ اداروں کی جانب سے بلوچ نوجوانوں کو لاپتہ کرنے کا سلسلہ مزید تیز ہوگیا۔ آئے روز کراچی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ خواتین اور بچیوں کی تذلیل کی جاتی ہے۔ ان کے سامنے ان کے بیٹوں اور بھائیوں کو اٹھاکر لاپتہ کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جبری گمشدگیوں کا مسئلہ ایک گھمبیر صورتحال اختیار کر چکا ہے۔ آمنہ بلوچ نے سندھ حکومت کو خبردار کرتے ہوئے سندھ میں جاری گمشدگیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا اور تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کا بھی مطالبہ کیا۔ک