بلوچستان: حادثات اور واقعات میں 4 افراد جانبحق، پانچ زخمی

209

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں مجموعی طور پر بچہ سمیت چار افراد جانبحق جبکہ ان واقعات میں خواتین اور بچی سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں-

پہلا واقعہ ضلع خضدار کے تحصیل وڈھ میں پیش آیا جہاں وڈھ بازار کے قریب کار گاڑی الٹنے سے گاڑی میں سوار بچہ جانبحق اور دو خواتین سمیت ایک بچی زخمی ہوگئے-

خضدار ہی میں مرکزی شاہراہ زیرو پوائنٹ کے قریب مسافر کوچ نے موٹرسائیکل سوار کو کچل دیا جس سے موٹرسائیکل سوار موقع پر جانبحق جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا ہے جسے ابتدائ طبی امداد دینے کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا ہے-

ایک اور واقعہ میں کوئٹہ کے علا قے سبی روڈ دشت سپیزنڈ کے قریب ٹرین کے زد میں آنے سے ایک شخص جانبحق ہوگیا-

ادھر دکی میں ڈگری کالج کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے روزی خان ولد محمد اکبر عبداللہ زئی کاکڑ کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے-

دریں اثناء کوئٹہ کے علا قے سریاب روڈ کلی بنگلزئی میں نامعلوم افراد کی دوکان پر فائرنگ سے زبیر نامی شخص زخمی ہوگیا۔