تربت: ثقافت کی اہمیت کے موضوع پر سیشن

362

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں یونیورسٹی آف تربت کے شعبہ سوشیالوجی میں “سماجی نقطہ نظر سے ثقافت اور علاقائی ثقافت کی اہمیت ” کے موضوع پر لیکچر سیشن کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر سیشن کے مہمان مقرر جامعہ کراچی شعبہ عمرانیات کے سربراہ ڈاکٹر نائلہ عثمان صدیقی نے کہا کہ ثقافت کسی معاشرے میں زندگی گزارنے کا طریقہ، اخلاقیات، اقدار، فولک ویز، روایات اور لوگوں کے رہن سہن کا نام ہے۔

انہوں نے اپنے لیکچر میں ثقافت، خاص کرکے علاقائی ثقافت کی اہمیت کا احاطہ کیا۔ انہوں نےعلاقائی ثقافت کو فروغ دینے کے لئے سماجی تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔

سیشن کی صدارت تربت یونیورسٹی کے فیکلٹی آف آرٹس سوشل سائنسز اینڈ ہیومینٹیز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ نے کی۔

انہوں نے سیشن کے مہمان مقرر ڈاکٹر نائلہ عثمان صدیقی کا تربت یونیورسٹی آمد پر پرتپاک استقبال کیا اور شعبہ سوشیالوجی میں لیکچر دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

سیشن سے اظہارخیال کرتے ہوئے تربت یونیورسٹی کے شعبہ سوشیالوجی کے سربراہ ڈاکٹر محمد یٰسین اور لیکچرار نادل شاہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے لیکچر سیشن کے انعقاد کا مقصد طلبہ و طالبات کو ملک کے نامو ماہرین عمرانیات سے تبادلہ خیالات کا موقع فراہم کرکے ان کے علم میں اضافہ کرنا ہے۔ سیشن میں سوشیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ وطالبات اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔

مہمان مقرر نے موجودہ سماجی مسائل اورعلاقائی ثقافت کو درپیش چیلنجز سے متعلق شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔