سبی میں فورسز کی کاروائی، جھڑپ میں بیٹا ماں سمیت جانبحق

1095

بلوچستان کے ضلع سبی میں فورسز کی گھر پر کاروائی کے دوران جھڑپ میں فورسز اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک نوجوان اپنی والدہ سمیت مارا گیا ہے۔

حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سبی کے علاقے لونی میں مسلح افراد کی خفیہ اطلاع پر پاکستانی فورسز کی جانب سے آپریشن کیا گیا دوران آپریشن فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد مارے گئے جبکہ ایک ایف سی اہلکار ہلاک اور دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

ہلاک اور زخمی ہونے والے ایف سی اہلکاروں کو سی ایم ایچ ہسپتال سبی منتقل کر دیا گیا، ہلاک ہونے والے ایف سی اہلکاروں میں ایس ایم رانا محمد اسلم جبکہ زخمی ہونے والوں میں میجر انور کمال اور حوالدار رحمت اللہ شامل ہیں۔

فائرنگ کے تبادلے میں مارے جانے والے افراد میں سے ایک کی شناخت پرویز کے نام سے ہوئی ہے، مارے جانے والے میں ایک عورت بھی شامل ہے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق گھر پر فورسز کی کاروائی کے دوران نوجوان نے مزاحمت کی اور فائرنگ کے تبادلے میں فورسز کو جانی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ عسکری حکام نے جانبحق خاتون کو بھی دہشت گرد ظاہر کیا ہے۔