بی ایس او رہنماوں کے تمپ کا تنظیمی دورہ، اجتماعی جدوجہد کا عزم

205

بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی چیئرمین جہانگیر منظور بلوچ نے سینئر وائس چیئرمین اشرف بلوچ اور سینٹرل کمیٹی کے اراکین سید عدنان شاہ اور کریم شمبے بلوچ کے ہمراہ تمپ کا تنظیمی دورہ کیا۔

دورے میں انہوں نے تمپ کے طلباء، اساتذہ اور بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع کیچ کے جنرل سیکریٹری واجہ نصیر گچکی و دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کئے۔

طلباء سے ملاقات کے دوران انہوں نے تعلیمی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی عدم توجہی کی وجہ سے اس وقت بلوچستان کے اکثر تعلیمی ادارے زبوں حالی کا شکار ہیں اور اس کا واحد مقصد بلوچستان کو تعلیمی حوالے سے بانجھ بناکر لوٹ مار کرنا ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنا کردار ادا کرکے اپنی تعلیمی اداروں کو فعال کریں۔

انہوں نے بلوچستان کے تعلیمی مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ وہ اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے ہمارے اداروں کو جمود کا شکار کرکے اپنے ناپاک عزائم کا تکمیل کرلیں لیکن ہم یہ واضح کرتے ہیں کہ بلوچستان طلباء اور عوام لاوارث نہیں ہیں اور جہاں بھی ان کے ساتھ ناانصافی ہوگی تو اس کے خلاف ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔

انہوں نے سیاسی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قدغن و دیگر مسائل نے بلوچ نوجوانوں کو ذہنی طور پر مفلوج کرکے رکھ دیا ہے اور ابھی وقت ہے آج ہم ایک ساتھ ملکر ان مسائل کی بیخ کنی کیلئے اپنا قومی کردار ادا کریں تاکہ آنے والے نسلوں کو ایک روشن مستقبل دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج کے سیاسی کارکنوں نے وقت کی نزاکت کا اندازہ نہیں کیا تو آنے والے وقت سیاسی کارکن قومی جرم کے زمرے میں آئے گیں کیونکہ یہاں کے زمینی حقائق اجتماعی جدوجہد کا تقاضا کرتے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ اس موقع پر چئیرمین نے تنظیم کے مرکزی ساتھیوں کے ساتھ بلوچ قومی رہبر شہید بانک کریمہ بلوچ کی قبر جاکر حاضری دی۔