بلوچستان: ٹریفک حادثات میں تین افراد ہلاک، چار زخمی

187

بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے سنگداس میں روڈ حادثے میں دو افراد ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

حادثہ تیز رفتار ٹو ڈی کار کی مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے تصادم کی وجہ سے پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق ٹریفک حادثے میں کمسن بچے اور والد سمیت دو افراد ہلاک جبکہ خواتین بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق قلات شہر سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر کوئٹہ کراچی شاہراہ سنگداس کے مقام پر کراچی سے کوئٹہ جانے والی ٹوڈی کار سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار رضوان علی ولد قائم علی سکنہ کلی شابو کوئٹہ اور اس کا دو مہینے کا کمسن بچہ زاریار ہلاک ہوگیا۔ جبکہ خواتین و بچے جن میں مسمات (الف) مسمات (ع) معاذ ولد رضوان اور احمد ولد رضوان سمیت چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔

اطلاع ملنے پر قلات پولیس اور ایدھی رضاکاروں نے موقع پر پہنچ کر میتوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا جہاں پر زخمیوں کو طبی امداد دی گئی۔

پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا مزید تفتیش پولیس کررہی ہے۔

دریں اثنا بلوچستان کے ضلع چاغی میں موٹر سائیکل سے گر کر ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ حادثہ شے سالار کے مقام پر پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سے گر کر ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق محمد رمضان نامی شخص موٹر سائیکل سے گر کر شدد زخمی ہوگیا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چلا بسا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں ٹریفک حادثات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، اور ٹریفک حادثات کی بنیادی وجوہات میں تنگ و خستہ حال سڑکوں کے علاوہ ڈرائیوروں کی لاپرواہی کو بھی قرار دیا جاتا ہے۔