سانحہ مچھ: کراچی میں احتجاج، بلوچ ایکٹوسٹس کی شرکت

435

مچھ میں کان کنوں کے قتل کیخلاف کراچی میں 3 مقامات پر دھرنے دے دیے گئے۔ مظاہرے میں بلوچ ایکٹوسٹس نے شرکت کی۔

سندھ کے مرکزی شہر کراچی میں نمائش چورنگی، ناگن چورنگی اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر مجلس وحدت المسلمین کے زیر اہتمام دھرنے دے دیے گئے۔

 مچھ واقعہ کے خلاف کراچی پریس کلب پر ہزارہ برادری کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مقررین نے جانبحق افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر بلوچ ایکٹوسٹس حوران بلوچ، ماہ گنج بلوچ، سمائشہ بلوچ سمیت دیگر نے احتجاج میں شرکت کی۔

سہراب گوٹھ سے ناگن چورنگی جانے والے روڈ پر پاور ہاؤس چورنگی کے قریب احتجاج کیا جارہا ہے، احتجاج کے باعث آنے جانے والے دونوں روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

گلشن اقبال میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی احتجاج جاری ہے جس کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے اور ٹریفک کو ال آصف اسکوائر رینجرز چوکی اور پیراڈائز کی جانب سے متبادل راستہ دیاجارہا ہے۔

نمائش چورنگی پر بھی احتجاج جاری ہے جس میں مختلف شیعہ تنظیموں کے رہنماء شریک ہیں۔ اس موقع پر مچھ کے شہداء کی یاد میں شمعیں بھی روش کی گئیں۔

علامہ صادق جعفری کا کہنا تھا کہ دو روز سے شہداء کے لواحقین انصاف مانگ رہے ہیں۔

سانحہ مچھ کیخلاف کوئٹہ میں ہزارہ برادری کا میتوں کے ہمراہ مرکزی دھرنا بھی جاری ہے۔ مظاہرین اور وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے درمیان مذاکرات گذشتہ روز ناکام ہوئے تھے۔