اسحاق ڈار حوالگی: برطانیہ وپاکستان میں مفاہمت کی یاداشت پر دستخط

160

پاکستان کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کے طریقہ کار پر بات چیت کے لیے برطانیہ اور پاکستان میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

دی بلوچستان پوسٹ نیوز ڈیسک کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق مفاہمت کی یادداشت پر برطانوی عہدیدار گرائم بگر اور پاکستان کی طرف سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے دستخط کیے۔

ذرائع کے مطابق مفاہمت کی یادداشت تحویل مجرمین کے معاہدہ کی عدم موجودگی میں قانونی بنیاد فراہم کرے گی۔

مفاہمتی یادداشت کے متن کے مطابق پاکستان اور برطانوی حکومتیں اسحاق ڈار کی پاکستان حوالگی کے لیے ہم آہنگی پر پہنچ گئی ہیں اور مفاہمت کی یادداشت کا مطلب ہے کہ اسحاق ڈار کو قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کے حوالے کیا جائے۔

متن کے مطابق مفاہمت کی یادداشت جرم سے نمٹنے میں زیادہ متحرک تعاون فراہم کرے گی۔

یاد رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف احتساب عدالت میں نیب ریفرنس زیرسماعت ہے اور وہ پاناما کیس کے فیصلے کے کچھ عرصے بعد علاج کی غرض سے لندن چلے گئے تھے جس کے بعد وطن واپس نہیں آئے۔
سپریم کورٹ کی ہدایت پر حکومت کی جانب سے ان کے اور اہلیہ کے پاسپورٹ منسوخ کردیے گئے ہیں اور وہ بغیر پاسپورٹ کے برطانیہ میں رہ رہے ہیں۔