سی پیک منصوبے پر بلوچستان کے عوام کو اعتماد میں لیا جائے – سراج الحق

307

سی پیک جیسے بڑے منصوبے کے باوجود گوادر پانی سے بھی محروم ہے گوادر کی آبادی، ماہی گیر سی پیک سے پریشان ہیں، 18ویں ترمیم کے خاتمے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے – مرکزی امیر جماعت اسلامی سراج الحق

جماعت اسلامی کے مرکزی امیر وسینیٹر سراج الحق نے صوبائی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں صرف 23 فیصد لوگوں کو پانی دستیاب ہے، صوبے میں بے روزگاری عروج پر ہے جبکہ 35 ہزار آسامیاں خالی پڑی ہیں۔ حکومت کے کوئٹہ شہر کو خوبصورت بنانے کے دعوے محض خواب ہیں۔ بلوچستان میں امن کیلئے 30 ارب روپے رکھے جاتے ہیں مگر بے یقینی کی صورتحال برقرار ہے۔ ملک میں سب سے زیادہ 66 فیصد کرپشن بلوچستان میں ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پر بلوچستان کے عوام کو اعتماد میں لیا جائے، سی پیک جیسے بڑے منصوبے کے باوجود گوادر پانی سے بھی محروم ہے۔ گوادر کی آبادی، ماہی گیر سی پیک سے پریشان ہیں کہ کہیں انہیں بے دخل نہ کردیا جائے۔ سی پیک پر سب سے بڑا حق گوادر کی مقامی آبادی کا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے خاتمے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے، 18 ویں ترمیم کے نتیجے میں چھوٹے صوبوں کو حقوق ملے، اسے ختم یا کمزور کرنا ملک کے حق میں نہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے قوم کے ساتھ بہت سارے وعدے کیئے تھے تحریک انصاف کی اب تک کی کارکردگی سے لگتا ہے کہ انکا کوئی وژن نہیں۔ موجود وفاقی کابینہ میں زیادہ تر لوگ مشرف دور کے ہیں۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے موجودہ اور آئندہ نسلیں مزید قرضوں میں دب جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بات کرنے والی جماعتیں بتائیں کہ کیا ان جماعتوں کے اندر جمہوریت ہے۔ عوام کہہ رہی ہے کہ نئی حکومت آئی ہے اور مہنگائی ساتھ لائی ہے۔ ضمنی انتخابات میں تحریک کئی حلقے ہاری ہے اگر آزاد الیکشن ہوتے تو 25 جولائی کے انتخابات کے نتائج مختلف ہوتے۔ اللہ تعالی کے احکامات کے برعکس کوئی قانون سازی نہیں ہونے دیں گے۔