بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے پاکستانی فورسز نے ایک شخص کو جبری طور پر لاپتہ کردیا۔
ٹی بی پی نیوز ڈیسک کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے جوائنٹ روڈ سے پاکستانی فورسز نے مقبول نامی شخص کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
مقبول ولد مستری محمد خان کوئٹہ کے علاقے کلی اسماعیل کا رہائشی ہے جبکہ انکا بنیادی تعلق قلات کے علاقے منگچر سے ہے۔
حکام کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کچھ نہیں کہا گیا ہے۔ واضح رہے بلوچستان بھر میں جبری گمشدگیوں کے واقعات میں ایک دفعہ پھر تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔
دوسری جانب سے دارالحکومت کوئٹہ میں گورنر ہاوس کے سامنے جبری طور پر لاپتہ افراد کے لواحقین گذشتہ اٹھارہ روز سے دھرنا دیئے ہوئے ہیں۔ مظاہرین زیارت آپریشن و جعلی مقابلے میں لاپتہ افراد کو قتل کرنے کی تحقیقات و دیگر مطالبات کے حق میں احتجاج کررہے ہیں۔
تاحال حکومت کی جانب سے دھرنا مظاہرین سے مذاکرات کیلئے اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے ہیں جبکہ عدم توجہی پر مظاہرین کیجانب سے بی این پی اور این پی پر بھی تنقید کی جارہی ہے۔