بلوچستان کے شہر چمن میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں پولیس کے ایک سینیئر افسر ہلاک اور 11 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نامعلوم افراد نے بوغرہ روڈ پر دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا جو اس وقت پھٹ گیا جب قلعہ عبداللہ کے ایس ایس پی ساجد مہمند کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی۔ایس ایس پی کی گاڑی دھماکے کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک اور ان کے محافظوں سمیت 11 افراد زخمی ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں آٹھ عام شہری شامل ہیں جنھیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چمن منتقل کیا گیا ہے۔ہسپتال حکام کے مطابق زخمیوں سے سات کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کے امکان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔