کرونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کے تحت وفاقی وزیر ریلوے نے کوئٹہ اور تفتان کے درمیان چلنے والی ٹرینیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سماجی رابطوں کی سروس ٹوئٹر پراپنے ویڈیو پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ کوئٹہ تفتان کے درمیان ایک ماہ میں 4 ٹرینیں چلتی تھیں جوکہ واپس آچکی ہیں، اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ تاحکم ثانی ان ٹرینوں کو نہیں چلایا جائےگا۔
شیخ رشید نے واضح کیا کہ کوئٹہ تفتان اور تفتان سے کوئٹہ کے درمیان ریلوے سروس بارڈر کھلنے تک نہیں چلائی جائے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کوئٹہ تفتان ریلوے ٹریفک بند کرنے کا فیصلہ. pic.twitter.com/EO0z8jcAE7
— Sheikh Rashid Ahmad (@ShkhRasheed) February 26, 2020
انہوں نے پیغام دیا کہ عوام الناس کا کوئی سامان یا دوسری چیزیں اگر بکنگ میں ہیں تو اسے واپس لے جائیں۔
واضح رہے کہ ایران میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد حکومت نے تفتان میں بلوچستان ایران سرحد کو بند کردیا تھا، اس کے علاوہ بلوچستان حکومت نے بھی حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے بذریعہ تفتان ایران جانے والے زائرین کا صوبے میں داخلہ بند کررکھا ہے۔