پسنی کے علاقے شادی کور سے تقریباً 5 ہزار لوگ جبری بے دخل۔ پانک

14

بلوچ نیشنل موومنٹ کے انسانی حقوق کے ادارے پانک کے مطابق ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور کی تقریباً پوری آبادی، یعنی لگ بھگ 5 ہزار باشندوں کو 11 اور 12 جولائی 2026 کو ان کی آبائی زمینوں سے جبری طور پر بے دخل کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ بے دخلی فوج کشی، جبری گمشدگیوں، بڑے پیمانے پر حراستوں، ضروری اشیا کی ترسیل پر پابندی اور پاکستانی فوج کے جاری کردہ انخلا کے احکامات کے بعد عمل میں آئی۔ 9 اور 10 جولائی کو پاکستانی فوج کے اہلکاروں نے مکینوں کو گھر خالی کرنے کا حکم دیا اور خبردار کیا کہ رہنے کی صورت میں ان کے گھر جلا دیے جائیں گے۔

پانک کے مطابق 5 مئی 2026 کو پاکستانی فوج اور اس سے منسلک خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے 85 سے 100 کے درمیان مردوں کو حراست میں لیا۔ انھیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، دھوپ میں لٹایا گیا اور چیخنے والوں کے منہ میں پتھر ٹھونسے گئے۔ تقریباً 40 زیرِ حراست افراد کو شادی کور ڈیم کے قریب فوجی کیمپ منتقل کر کے جبری لاپتہ کر دیا گیا، جن میں سے کئی تاحال ان کی حراست میں جبری لاپتہ ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 5 سے 8 مئی تک تین روزہ فوجی محاصرے کے دوران شادی کور، زرین کور، تراتی، گورستانی اور کبادی میں نقل و حرکت پر پابندی رہی۔ اس دوران علاج کے بعد واپس آنے والی خواتین اور بچوں سمیت آٹھ افراد کو دو دن تک حراست میں رکھا گیا۔ مئی اور جون کے دوران گبدی چیک پوسٹ پر خوراک اور گھریلو ضروریات کی اشیا کو واپس لوٹایا جاتا رہا۔

رپورٹ میں سردل ولد شیر خان کا بھی ذکر ہے، جنھیں 22 نومبر 2025 کو پاکستانی فوج کے خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے جبری لاپتہ کیا۔ ان کی مسخ شدہ لاش 30 مئی 2026 کو پسنی کے قریب سے برآمد ہوئی۔

پانک کے مطابق بے گھر ہونے والے بلوچ خاندان پسنی، ھورماڑا ، تربت اور اطراف کے شہروں کی طرف نقل مکانی پر مجبور ہوئے، جہاں بہت سے لوگ خیموں میں زندگی گزار رہے ہیں۔ تقریباً 10 ہزار ایکڑ زرعی زمین ویران ہو گئی ہے، جس سے کھیتی باڑی، غذائی تحفظ، تعلیم، صحت اور روایتی ذریعہ معاش بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ بے دخلی بلوچ عوام کے اپنی زمین سے آبائی رشتے اور ثقافتی و تاریخی شناخت کی نسل در نسل منتقلی کے لیے خطرہ ہے۔

پانک کے مطابق 2025 میں 1,355 جبری گمشدگیاں اور 225 ماورائے عدالت قتل دستاویز کیے۔ جنوری تا جون 2026 کے دوران 556 جبری گمشدگیاں اور 227 ماورائے عدالت یا حراست کے دوران قتل ریکارڈ کیے گئے۔ ادارے کے مطابق اکتوبر 2026 میں کلات کے علاقے شور پارود میں بھی تقریباً 30 ہزار افراد کے لیے انخلا کا حکم جاری کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مبینہ خلاف ورزیاں شہری و سیاسی حقوق کے بین الاقوامی عہد نامے ( آئی سی سی پی آر)، معاشی، سماجی و ثقافتی حقوق کے عہد نامے ( آئی سی ای ایس سی آر )، تشدد کے خلاف کنونشن، اندرونی بے دخلی سے متعلق اقوام متحدہ کے رہنما اصولوں اور مقامی آبادیوں کے حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے اعلامیے کے آرٹیکل 10 کے تحت سنگین تشویش کا باعث ہیں۔

پانک نے جبری بے دخلی کو فوری طور پر روکنے، لاپتہ افراد کے ٹھکانوں کو ظاہر کرنے، آزادانہ تحقیقات یقینی بنانے، انسانی امداد فراہم کرنے اور مقامی بلوچ آبادی کی محفوظ، رضاکارانہ اور باوقار واپسی کی ضمانت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔