کروڑوں بے گھر افراد کو موسمیاتی خطرات کا سامنا، اقوام متحدہ

1

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے خبردار کیا ہے کہ جبری طور پر بے گھر تقریباً 9 کروڑ انسان ایسے ممالک میں رہائش پذیر ہیں، جہاں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث خشک سالی، سیلابوں اور شدید گرمی کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں جبری طور پر بے گھر افراد میں سے تقریباً تین چوتھائی افغانستان اور بنگلہ دیش جیسے ممالک میں رہتے ہیں، جہاں موسمیاتی خطرات شدید تر ہوتے جا رہے ہیں۔

ترکی کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق  کانفرنس سے قبل جاری ہونے والی اس رپورٹ میں تنازعات، بے گھری اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باہمی تعلق کو اجاگر کیا گیا ہے۔

یو این ایچ سی آر کے معاون ہائی کمشنر برائے آپریشنز نے کہا، ”نازک حالات سے دوچار اور بے گھر افراد کی میزبانی کرنے والے علاقوں میں موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنا بقا کا معاملہ ہے۔‘‘

انہوں نے کہا، ”ہمیں موسمیاتی مالی معاونت ان کمیونٹیز تک پہنچانے کی ضرورت ہے جہاں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔‘‘

بے گھر افراد کی واپسی بھی خطرے میں

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث بے گھر افراد کے لیے ان کے آبائی علاقوں میں پائیدار انداز میں واپسی بھی مشکل ہوتی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2026 کے پہلے نصف حصے میں پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے دو تہائی سے زیادہ واقعات ایسے ممالک میں ہوئے، جو موسمیاتی خطرات سے شدید متاثر ہیں، جس سے ان افراد کے دوبارہ بے گھر ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شام میں، جہاں حال ہی میں تقریباً 40 لاکھ بے گھر افراد اپنے گھروں کو واپس لوٹے ہیں، پانی کی قلت میں اضافہ اور بارشوں کے غیر یقینی انداز جیسے مسائل درپیش ہیں۔

یو این ایچ سی آر کے مطابق 2050 تک افریقہ کے زیریں صحارا والے حصے میں پناہ گزینوں کی ہر تین میں سے ایک بستی کو سالانہ کم از کم 100 دن شدید اور خطرناک گرمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس سے صحت اور روزگار کو خطرات لاحق ہوں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایتھوپیا کی بعض پناہ گزین بستیوں میں شدید گرمی سالانہ 200 دن سے زیادہ برقرار رہ سکتی ہے، جس سے ہیٹ اسٹروک اور قبل از وقت موت کے خطرات بڑھ جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق، ”پناہ گزینوں کو اکثر پانی اور قابل انحصار توانائی تک محدود رسائی حاصل ہوتی ہے، جس کے باعث ان کے لیے خطرناک درجہ حرارت سے بچنا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔‘‘

ترقی یافتہ ممالک اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام

یو این ایچ سی آر نے خبردار کیا ہے کہ ایل نینیو کے ایک غیر معمولی شدید دور کی پیش گوئی بھی پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے کئی ممالک میں موسمیاتی خطرات کو بڑھا سکتی ہے اور مزید نقل مکانی کا سبب بن سکتی ہے۔

ادارے کے مطابق مشرقی افریقہ میں شدید سیلاب کے باعث رواں سال کے اختتام تک صومالیہ، کینیا، جنوبی سوڈان اور یوگنڈا میں 30 لاکھ تک افراد بے گھر ہو سکتے ہیں۔

یو این ایچ سی آر نے حکومتوں اور موسمیاتی مالیاتی اداروں سے موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کے لیے مالی معاونت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس ادارے کے مطابق موسمیاتی مالی معاونت کا صرف تقریباً 10 فیصد حصہ ہی نازک حالات یا تنازعات سے متاثرہ ممالک تک پہنچتا ہے۔

اقوام متحدہ کی ایک علیحدہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے درکار سالانہ 305 ارب ڈالر فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہے ہیں، جبکہ شدید موسمی واقعات کی تعداد اور شدت میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔