بی وائی سی نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور سبغت اللہ شاہ جی کو عمر قید کی سزا کی مذمت پر اقوام متحدہ کے ماہرین کے بیان کا خیرمقدم کیا

0

بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) نے اقوام متحدہ کے ماہرین کی جانب سے جاری کیے گئے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں معروف بلوچ خاتون انسانی حقوق کی کارکن، بی وائی سی کی منتظم ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ، اور سبغت اللہ شاہ جی کو سنائی گئی عمر قید کی سزاؤں کی مذمت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہاہے کہ اقوام متحدہ کے ماہرین نے درست طور پر ان سزاؤں کو انصاف کا مذاق قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلے غیر منصفانہ مقدمے کی کارروائی اور انسدادِ دہشت گردی و قتل کے الزامات کے غلط استعمال کا نتیجہ ہیں، جن کا مقصد آزادیٔ اظہار، پرامن اجتماع اور تنظیم سازی کے بنیادی حقوق کے پُرامن استعمال کو جرم بنانا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنما تقریباً 16 ماہ سے زیرِ حراست ہیں۔ ان کے خلاف 50 سے زائد مبینہ طور پر من گھڑت مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ 26 روز سے انہیں ایسے مقدمات کا سامنا ہے جن کی کارروائی خفیہ انداز میں جاری رہی، جس پر انہوں نے مسلسل احتجاج کیا اور ان کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا۔

مزید کہاکہ ان کی رضامندی کے بغیر ریاست کی جانب سے مقرر کردہ وکلا ان پر مسلط کیے گئے۔ بعد ازاں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور سبغت اللہ شاہ جی کو عمر قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ ان کے خلاف دیگر کئی مقدمات کی سماعت تاحال جاری ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ، مختلف حکومتیں، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں اور عالمی سول سوسائٹی بلوچستان کی صورتحال پر مسلسل توجہ برقرار رکھیں، پاکستان پر انسانی حقوق کے کارکنوں کے خلاف کارروائیاں بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں، اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے معیارات کی جاری خلاف ورزیوں پر جوابدہی کو یقینی بنائیں۔

آخر میں کہا ہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی نے ناانصافی کے خلاف مزاحمت، جوابدہی کے فروغ اور بلوچ عوام کے بنیادی حقوق اور وقار کے تحفظ کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔