اطلاعات کے مطابق ڈیتھ اسکواڈ اور خفیہ ادارے کے سادہ لباس اہلکاروں نے اسپتال کے مختلف وارڈز میں تلاشی لی اور مریضوں سے پوچھ گچھ کی۔
بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں ایک نجی اسپتال پر ڈیتھ اسکواڈ اور خفیہ ادارے کے اہلکاروں کے مشترکہ چھاپے کے دوران ایک مریض اور اس کے تیماردار سے 80 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون لے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق چند روز قبل رات تقریباً چار بجے اہلکار نجی گاڑی میں اسپتال پہنچے اور مختلف وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کے کمروں کی تلاشی لی، اس دوران دشت اور تمپ سے تعلق رکھنے والے بعض افراد کے بارے میں مریضوں سے پوچھ گچھ بھی کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق اہلکار ایک کمرے میں موجود مریض اور اس کے تیماردار سے 80 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون لے گئے، جبکہ اسپتال کے کاؤنٹر سے ریکارڈ بھی اپنے ساتھ لے جانے کی اطلاع ہے۔
ذرائع کے مطابق اسی رات دشت کے علاقے کنچتی میں ایف سی پر حملہ ہوا تھا، جس میں بعض اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
بتایا جاتا ہے کہ خفیہ اداروں کو شبہ تھا کہ حملے کے دوران زخمی ہونے والا کوئی سرمچار علاج کے لیے اسپتال پہنچا ہو سکتا ہے، جس کے بعد اسپتال میں تلاشی اور پوچھ گچھ کی گئی۔
دوسری جانب اسی رات دشت کے علاقے چیر کنچتی میں ایف سی پر حملے کے بعد کھیتوں میں کام کرنے والے پشتون مزدوروں کو ڈرون حملے کا نشانہ بنائے جانے کی بھی اطلاعات ہیں، جس کے نتیجے میں دو مزدور جاں بحق جبکہ چھ زخمی ہوئے تھے۔


















































