بلوچستان کے علاقے بارکھان میں سراتی کے مقام سے 10 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھی ،جنہیں بی ایچ او راڑہ شم منتقل کر دیا گیا ہے۔
لاشوں سے ملنے والے شناختی کارڈز کی مدد سے تمام 10 افراد کی شناخت ہو گئی ہے۔ ان کا تعلق ضلع کوہلو کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔ شناخت ہونے والے افراد میں پائندہ خان ولد تبو خان، حسن ولد عمر خان، شیر محمد ولد بنی بخش، اقبال ولد نواب خان، مزار خان ولد مہر داد خان، دین محمد ولد در محمد، گہر ولد دین محمد، وزیر خان ولد نواره خان، دامر بخش ولد خدا بخش اور سید خان ولد امیر شامل ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، ان میں سے ایک مقتول کی شناخت اقبال نواب کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں 26 دسمبر 2025 کو رکھنی، ضلع بارکھان میں سیشن کورٹ کے سامنے سے پاکستانی فورسز نے
جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔
دوسری جانب، محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دعویٰ کیا ہے کہ بارکھان کے علاقے راڑہ شم میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں 10 مسلح افراد ہلاک ہوئے۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی سی ٹی ڈی نے متعدد جعلی مقابلوں میں افراد کو ہلاک کرنے کے دعوے کیے ہیں، تاہم بعد ازاں ان میں سے بعض کی شناخت زیرِ حراست جبری طور پر لاپتہ کیے گئے بلوچ افراد کے طور پر ہوئی تھی۔



















































